افغان وزارت خارجہ نے ایس پی طاہر داوڑ کی لاش افغان صوبہ ننگر ہار سے ملنے کی تصدیق کر دی ہے. اس بات کی تصدیق افغان وزارت خارجہ نے کابل میں موجود پاکستان کے سفارت خانہ کو کی جس کے بعد پاکستان کی وزارت خارجہ نے باقاعدہ طور پر اس کی تصدیق کر دی.
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبہ ننگر ہار کے ضلع دربابا میں مقامی افراد کو ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جس کے ساتھ ایک خط اور سروس کارڈ بھی موجود تھا جس کے بعد افغان وزارت خارجہ نے کابل میں پاکستانی سفارتخانہ کو آگاہ کیا.
اس حوالے سے افغان حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لاش کے ساتھ سروس کارڈ بھی ملا ہے جس پر طاہر داوڑ ایس ایس پی خیبر پختونخواہ لکھا ہوا تھا. مقامی پولیس نے لاش کو مہمند درہ ڈسٹرکٹ اور بعد ازاں افغان حکام نے جلال آباد منتقل کیا. ضروری کارروائی کے بعد لاش کو جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کے سپرد کر دیا گیا جسے طور خم بارڈر کے راستے پاکستان منتقل کیا جائے گا. ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ افغان سفارتخانہ کے ساتھ قریبی رابطہ میں ہے جبکہ کابل میں بھی پاکستانی سفارتخانہ گزشتہ شب سے افغان وزارت خارجہ امور کے ساتھ رابطہ میں ہے۔
Load/Hide Comments