کراچی کے علاقہ کلفٹن بلاک 4 میں دہشتگردوں نے آج صبح چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے. اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے جبکہ اس پر بروقت کارروائی کی گئی جس میں تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ کراچی پولیس اور رینجرز کی بہادرانہ اور جرأت مندانہکارروائی نے دہشتگردوں کی چینی قونصلیٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دیا۔
اس موقع پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں ایک خاتون افسر نے بھی حصہ لیا جن کی بہادری کو بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی سربراہی خود خاتون افسر ایس پی سوہائی تالپور نے کی۔ ایڈشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے بتایا کہ ایس پی سوہائی تالپور سب سے پہلے دہشتگردوں کے مقابلے میں آگے آئیں اور اپنی جرأت مندانہ صلاحیتوں اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر ایڈشنل آئی جی سندھ امیر شیخ نے ایس پی سوہائی تالپور کو کمانڈو کنگ کا خطاب دے دیا ۔ خاتون افسر ایس پی سوہائی تالپور کی جانب سے دہشتگردوں کو مات دینے کی جرأت مندانہ کارروائی پر انہیں سوشل میڈیا پر بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ قوم کو سوہائی تالپور جیسی ہی خواتین کی ضرورت ہے اور ہمیں ایسی خواتین پر بے حد فخر ہے